لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں نہاتے ہوئے لاپتا ہونے والی ہالی وڈ اداکارہ نایا ریویرا کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے آخری لمحات میں اپنے 4 سالہ بیٹے کی جان بچا لی تھی۔
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ کیلی پرسٹن انتقال کر گئیں
مشہور ٹی وی سیریز ‘گلی’ سے شہرت پانے والی نایا ریوریرا کے بیٹے جوزی ہولس ڈارسے نے بتایا کہ اس کی ماں نے ڈوبنے سے قبل اسے دھکیل پر کشتی پر سوار کر دیا تھا، 4 سالہ بچے نے بتایا کہ کشتی پر چڑھنے کے بعد اس نے مڑ کر دیکھا تو اس کی ماں پانی میں غائب ہو رہی تھی۔
وینٹورا کاؤنٹی کے شیرف بل ایوب نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ نایا ریویرا نے یقینی طور پر اپنی توانائی کو آخری بار مجتمع کر کے بیٹے کو کشتی پر سوار کرایا لیکن ان کے پاس خود کو بچانے کی قوت باقی نہیں رہی ہو گی۔
4 سالہ ڈارسے پولیس کو جھیل میں تیرتی کشتی میں سویا ہوا ملا تھا، اس نے لائف جیکٹ بھی پہنی ہوئی تھی جس کے بعد اس کی ماں کی تلاش شروع ہوئی تھی جو 5 روز جاری رہی۔

ایوب نے بتایا کہ ماں اور بیٹا کرائے پر کشتی لے کر جھیل میں سفر کے لیے گئے تھے، یہ غیرقانونی بات نہیں تھی تاہم نایا نے لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔
حکام کا خیال ہے کہ نایا حادثاتی طور پر ڈوبی تھیں اور ان کی لاش جھیل کی تہہ میں موجود پودوں میں الجھ گئی تھی جس کی وجہ سے 5 روز کی کوششوں کے باوجود غوطہ خور اسے تلاش نہیں کر سکے تھے۔
ماں اور بیٹے نے اس حادثے سے قبل کشتی سے ہی اپنے خاندان کے مختلف افراد کے ساتھ ویڈیو چیٹ کی تھی، اپنی موت سے دن قبل انہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔