الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کے خلاف دہری شہریت کی درخواست کی سماعت 20 جولائی کو مقرر کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن میں یہ درخواست قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ اور دیگر افراد نے دائر کی تھی، درخواست گزار اور فیصل واوڈا کو بھی 20 جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے۔
درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں بینچ کرے گا۔
اس سے قبل میڈیا میں رپورٹس آئی تھیں کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے اپنی دہری شہریت چھپا لی تھی۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن کو یہ حلف نامہ جمع کرایا تھا کہ ان کے پاس دہری شہریت نہیں ہے جبکہ اس وقت ان کے پاس امریکہ کی شہریت موجود تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 11 مئی 2018 کو جن انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، اس وقت ان کے پاس امریکی شہریت موجود تھی۔