وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جن کے مطابق ان کے پاس پاکستان اور بیرون ملک میں بڑی جائیدادیں اور نقد رقوم موجود ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے اثاثوں کی تفصیل بہت طویل ہے جس کی مجموعی مالیت اربوں روپے میں بنتی ہے۔
پاکستان میں اثاثہ جات
تفصیلات کے مطابق وہ ضلع اٹک کے علاقے سیداں خیل میں 1210 کنال اور 122 مرلہ زمین کے مالک ہیں، انہیں یہ زمین اپنے والد کی جانب سے تحفے میں ملی ہے۔۔
دستاویزات کے مطابق یہاں ایک کنال کی قیمت 10 لاکھ روپے کے قریب ہے، یہ اندازہ سرکاری قیمت کے مطابق ہے جبکہ حقیقی مالیت اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
اسی طرح انہیں 2007 سے قبل اپنے والد کی جانب سے ضلع اٹک کے علاقے ماڑی کنجور میں 91 کنال 10 مرلہ زمین تحفے میں دی گئی جس کی فی کنال قیمت کے متعلق کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔
اس کے علاوہ انہیں 2014 میں اپنی والدہ کی جانب سے اسلام آباد میں وسیع اراضی وراثت میں ملی جسے بعد میں سی ڈی اے نے ان سے لے کر اس کے بدلے سیکٹر سی 16 میں ایک کنال کے 30 پلاٹس دیے۔
ذوالفقار بخاری کو والدہ کی جانب سے ملنے والی دارالحکومت میں ایک اور جائیداد کا بھی دستاویزات میں ذکر ہے جس کے بدلے میں انہیں سی ڈی اے نے سیکٹر سی 15 میں ایک کنال کے 4 پلاٹس دیے۔ اس کی قیمت کا بھی سرکاری دستاویزات میں کوئی ذکر نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ان کے پاس 20 کروڑ مالیت کی ایک لینڈ کروزر موجود ہے جسے انہوں نے 23 اپریل 2018 کو خرید کیا تھا۔
پاکستان کے مختلف بینکوں میں ان کی 50 لاکھ سے زائد نقد رقم موجود ہے۔
بیرون ملک اثاثہ جات
زلفی بخاری کے بیرون ملک اثاثوں کے متعلق بھی تفصیلات بتائی گئی ہیں جن کے مطابق لندن میں وہ ایمبیسی کورٹ کی 45 ویلنگٹن روڈ پر واقع فلیٹ نمبر 3 کے مالک ہیں۔
انہوں نے یہ جائیداد 2018 سے قبل مارٹ گیج کے ذریعے خریدی تھی، اس کی موجودہ قیمت 48 لاکھ 50 ہزار برطانوی پاؤنڈز ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ لندن میں 4 لاکھ 25 ہزار برطانوی پاؤنڈز مالیت کے اثاثوں کے مالک بھی ہیں۔
بیرون ملک گاڑیوں کی تفصیلات بھی منظرعام پر آ گئی ہیں جن کے مطابق وہ 2 لاکھ 45 ہزار برطانوی پاؤنڈز کی بینٹلی گاڑی، ایک لاکھ 35 ہزار پاؤنڈز کی رینج روور، ایک لاکھ 65 ہزار 5 سو پاؤنڈز کی مرسڈیز اور 33 ہزار 891 پاؤنڈز کی مرسڈیز کے مالک ہیں۔
اس کے علاوہ وہ مختلف قسم کی کمپنیوں میں بڑی تعداد میں شیئرز کے بھی مالک ہیں۔