معروف صحافی مطیع اللہ جان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر اسلام آباد سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی گاڑی اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 سے ملی ہے، ان کا ایک موبائل فون بھی گاڑی میں موجود تھا۔
آبپارہ پولیس اسٹیشن کے افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایس ایچ او شوکت محمود کا کہنا ہے کہ مطیع اللہ جان کی اہلیہ نے ابھی تک ان کے غائب ہونے کی رپورٹ درج نہیں کرائی۔
سوشل میڈیا پر ان کے اغوا کی ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
مطیع اللہ جان کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ان کے بیٹے کی جانب سے ایک ٹویٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میرے والد مطیع اللہ جان کو اسلام آباد سے اغوا کر لیا گیا ہے۔
ٹویٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں بازیاب کرایا جائے اور اغوا کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس وقت مطیع اللہ جان کے نام کا ٹیگ پاکستان میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے جس میں انہیں واپس لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ توہین عدالت نوٹس میں انکی کل سپریم کورٹ میں سماعت تھی۔