لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باعث ڈاکٹروں نے نواز شریف کو گھر سے باہر نکلنے سے منع کر دیا ہے کیونکہ یہ وائرس ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے رجسٹرار آفس میں رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض لاحق ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان امراض کے باعث انہیں کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں جان کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے دل کو خون کی سپلائی پوری طرح نہیں ہو پا رہی جس کی وجہ سے وہ ڈاکٹرز سے رابطے میں ہیں جنہوں نے انہیں جسمانی ورزش کا کہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر انہیں انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور ڈاکٹرز کو ان کی صحت کے متعلق مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
یاد رہے 21 اکتوبر 2019 کو نواز شریف کی طبیعت اس وقت خراب ہوئی جب وہ قومی احتساب بیورو کی حراست میں تھے، ان کے پلیٹ لٹس میں اچانک غیرمعمولی کمی واقع ہوئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے ان کی صحت کے پیش نظر طبی بنیادوں پر ضمانت دی تھی جس کے بعد وہ اپنے گھر منتقل ہو گئے تھے، اس دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی انہیں طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت دی تھی۔
بعد ازاں انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں حلف نامہ پیش کیا تھا اور انہیں علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
میاں نوازشریف کو العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں احتساب عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔