وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جولائی میں بیرون ملک سے بھیجے گئے ترسیلات زر پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے انہوں نے بتایا کہ جولائی 2020 میں 2 ارب 76 کروڑ ڈالرز سے زائد کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ یہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اچھی خبر ہے، جون کے مقابلے میں یہ 12.2 فیصد اضافہ جبکہ گزشتہ برس جولائی کے مقابلے میں یہ 36.5 فیصد اضافہ ہے۔
اگرچہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مسائل کا شکار نظر آ رہے ہیں اس کے باوجود سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 821.55 ملین ڈالرز (82 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز) بھیجے ہیں۔
دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات سے آنے والے ترسیلات زر ہیں جہاں سے پاکستانیوں نے 538.19 ملین (53 کروڑ 81 لاکھ ڈالرز) بھیجوائے ہیں، جون 2020 میں سعودی عرب سے 619.43 ملین (61 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز) جبکہ یو اے ای سے 431.68 ملین (43 کروڑ 16 لاکھ ڈالرز) کی رقوم پاکستان بھیجی گئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں دبئی سے 443.13 ملین (44 کروڑ 31 لاکھ ڈالرز)، برطانیہ سے 393.91 ملین (39 کروڑ 39 لاکھ ڈالرز)، امریکہ سے 250.6 ملین (25 کروڑ ڈالرز)، ابوظہبی سے 88.29 ملین (8 کروڑ 82 لاکھ ڈالرز) اور شارجہ سے 4.69 ملین (46 لاکھ 90 ہزار ڈالرز) بھجوائے گئے۔
جولائی کے دوران دیگر خلیجی ممالک سے بھیجے گئے ترسیلات زر مجموعی طور پر 296.96 ملین (29 کروڑ 69 لاکھ ڈالرز) رہے۔ یورپی ممالک سے بھجوائی گئی رقوم 227.57 ملین (22 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز) رہیں۔ دیگر ممالک سے پاکستان کو 2466.28 ملین (2 ارب 46 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز) کے ترسیلات زر موصول ہوئے۔