امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہن کی خفیہ ریکارڈنگ سامنے آ گئی ہے جس میں انہوں نے اپنے بھائی کو جھوٹا اور ناقابل اعتماد قرار دیا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق امریکی صدر کی بہن میریان ٹرمپ بیری کی ایک خفیہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنے بھائی کے متعلق گفتگو کر رہی ہیں، یہ ریکارڈنگ عالمی میڈیا کی بڑی خبر بن چکی ہے۔
میریان ٹرمپ ایک ریٹائرڈ فیڈرل جج ہیں، اس ریکارڈنگ میں وہ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ سے اپنے بھائی کے ساتھ تعلقات کی بات کر رہی ہیں، تاہم انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ یہ گفتگو ریکارڈ ہو رہی ہے۔
امریکی صدر کی بھتیجی کے اپنے چچا کے ساتھ تعلقات خرابی کا شکار ہیں، حال ہی میں ان کی ایک کتاب بھی بہت مشہور ہوئی ہے جس میں انہوں نے کئی انکشافات کیے گئے ہیں۔
میریان ٹرمپ کی 15 گھنٹوں پر مشتمل خفیہ آڈیو ریکارڈنگ 2018 اور 2019 میں کی گئی اور اسے اب منظر عام پر لایا گیا ہے جبکہ امریکی انتخابات میں ڈھائی ماہ سے بھی کم عرصہ باقی رہ گیا ہے۔
ریکارڈنگ میں 8 اہم انکشافات
میریان ٹرمپ کے مطابق ان کے بھائی کے کوئی اصول نہیں ہیں، وہ صرف اپنی انتخابی بنیاد کو اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ جھوٹے انسان ہیں، وہ صرف ٹویٹ کرتے ہیں اور جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے تیسری اہم بات یہ کہی کہ ڈونلڈ ٹرمپ ظالم انسان ہیں، انہوں نے یہ بات اپنے بھائی کے ساتھ 1980 سے جاری ایک تنازعہ کے پس منظر میں یہ بات کہیَ۔
میریان ٹرمپ کی چوتھی اہم بات یہ تھی کہ ان کے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ قابل اعتماد نہیں ہیں، انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کی کمپنیوں نے 6 مرتبہ دیوالیہ قرار دیے جانے کی درخواست دی تھی۔
میریان ٹرمپ نے پانچویں اہم بات یہ کہی کہ ان کے بھائی بگڑے ہوئے شخص ہیں، وہ ان کا ہوم ورک بھی کر دیا کرتی تھیں جبکہ ٹرمپ نے اپنی جگہ امتحان دینے کے لیے ایک شخص کو پیسے دیے تھے۔
ریکارڈنگ میں ایک جگہ میری ٹرمپ کے سوال کے جواب میں وہ کہتی ہیں کہ صدر ٹرمپ روزانہ کی انٹیلی جنس بریفنگ نہیں پڑھتے، اس کے بجائے وہ زبانی اور تصویری انداز میں یہ تفصیلات جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے ایک اور اہم بات یہ بتائی کہ 1999 میں ان کے والد کی تدفین کے موقع پر ٹرمپ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے اپنے والد کے متعلق کوئی فقرہ نہیں کہا۔ وہ صرف اپنی ذات میں دلچسپی رکھتے ہیں باقی افراد کی وہ پرواہ نہیں کرتے۔
میریان ٹرمپ نے اپنی بھتیجی سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ اپنی بہن کے فیڈرل جج بننے کا کریڈٹ بھی لیتے ہیں حالانکہ انہوں نے خالصتاً میرٹ پر یہ عہدہ حاصل کیا تھا۔