اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی اور بالائی حصوں میں بالترتیب پیر سے بدھ اور منگل سے جمعرات تک شدید بارشیں متوقع ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان شید بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین کے علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے جبکہ یہ بارشی سلسلہ بلوچستان کے علاقوں قلات، خضداراور لسبیلہ میں سیلابی ریلوں کا موجب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے۔
این ڈی ایم کے ترجمان نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ان کے ادارے نے تمام متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں مون سون کی بارشوں نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، نشیبی علاقوں میں کئی دن تک بارش کا پانی موجود رہتا ہے جبکہ کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیوز کی بہتات ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بارشوں کا اگلا سلسلہ ایک مرتبہ پھر حکومت سندھ اور عوام کا امتحان لینے جا رہا ہے۔
بارشوں کے باعث کرنٹ سے ہلاکتوں کا معاملہ بھی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ ان ہلاکتوں کے مقدمات میں کراچی الیکٹرک کمپنی کے سی ای او کو بھی نامزد کیا جائے۔
اس کے ساتھ ساتھ بارشوں کے موسم میں لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا جاتا ہے جس سے کراچی کے پریشان حال عوام کی زندگی مزید اجیرن ہو جاتی ہے۔