حکومت نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی سابق صدر سیما کامل کی ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے 4 اگست کو ان کی اس عہدے پر تقرری کی منظوری دی تھی۔
سیمی کامل یکم جون 2017 کو یو بی ایل کی صدر مقرر ہوئیں اور جون 2020 تک اس عہدے پر قائم رہیں۔ اس سے قبل وہ بینک کی ڈپٹی سی ای او رہیں۔
یوبی ایل بورڈ آف ڈائرکٹرز نے 24 مارچ کے اجلاس میں سیما کامل کو بینک کی نئی سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ جولائی 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا تھا۔
اس کے علاوہ یو بی ایل کی سالانہ رپورٹس کے مطابق سیما کامل کے دور میں بینک کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے کروڑوں روپے کے جرمانے ہوئے ہیں۔ یہ جرمانے بینکنگ قوانین خصوصاً فارکس آپریشنز کے ضابطہ کار کی خلاف ورزی کی پاداش میں ہوئے۔