دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستانی بلے باز اظہر علی اپنی شاندار سنچری کی بدولت 34 ویں نمبر سے 11 ویں درجے پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے برطانیہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار 141 رنز بنا کر پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچایا تھا اور میچ ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں پاکستان کے معروف بلے باز بابر اعظم نے اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے، ان کے 797 پوائنٹس ہیں۔
بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے سٹیو اسمتھ 911 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ ویرات کوہلی 886 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں تنزلی کا سامنا کرنے والے پاکستانی بلے بازوں میں اسد شفیق (26)، شان مسعود( 29) اور عابد علی (59) شامل ہیں۔
بالنگ کے شعبے میں محمد عباس 5 درجے کم ہو کر 13 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، بھارت کے محمد شامی بھی اسی درجے پر موجود ہیں۔
اسی طرح یاسر شاہ بھی ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر 23 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شاہین آفریدی نے اپنی 33 ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے تاہم نسیم شاہ 57 ویں درجے پر پہنچ گئے ہیں۔
جیمز اینڈرسن، جو 600 وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بالر ہیں، کا مقام بہتر ہوا ہے اور وہ 8 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔