سیکیورٹیز اینڈ کمیشن آف پاکستان (ایس ہی سی پی) کے جوائنٹ ڈائرکٹر ساجد گوندل جمعرات سے لاپتہ ہیں، پولیس کو ان کی سرکاری گاڑی کلٹس برنگ سلور رجسٹریشن نمبر 469 GAE جمعہ کو ایک زرعی تحقیقات مرکز کے باہر مل گئی ہے۔
ساجد گوندل ڈان اخبار میں صحافی کے طور پر فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں، بعد ازاں انہوں نے ایس ای سی پی میں ملازمت اختیار کر لی تھی۔
اسلام آباد کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، گاڑی این اے آر سی کے دفتر کے باہر ملی، اس کی چابی بھی موجود تھی جبکہ گاڑی کھلی ہوئی تھی۔
ساجد گوندل کی اہلیہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر دو تین دن سے پریشان محسوس ہوتے تھے مگر انہوں نے دریافت کرنے کے باوجود کچھ نہیں بتایا۔
ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ساجد گوندل گزشتہ شب گھر سے اپنے فارم ہاؤس پر گئے تھے، انہوں نے 9 بجے واپس آنے کا کہا تھا۔
ان گمشدگی کے متعلق اہلخانہ نے پولیس کو آگاہ کر دیا تھا لیکن باضابطہ درخواست نہیں دی گئی۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی اس واقعہ کی اطلاع ملی ہے اور وہ فی الحال اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔