بھارت میں کورونا کا پھیلاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، گزشتہ کئی دن سے روزانہ 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جس کے باعث مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے بھارت دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 90 ہزار 632 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
منسٹری آف ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر کے اعداد وشمار کے مطابق 1065 نئی اموات کے ساتھ کورونا سے ہلاکتوں کی کل تعداد 70 ہزار 626 ہو گئی ہے۔
حکومتی ڈیٹا کے مطابق اب تک 32 لاکھ مریض کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایک ماہ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ روزانہ کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، 7 اگسست کو ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 20 لاکھ، 23 اگست کو 30 لاکھ اور 5 ستمبر کو 40 لاکھ سے اوپر پہنچ گئی تھی۔
اس وقت مہاراشٹر، آندھرا پردیش، تامل ناڈو، کرناٹک اور اتر پردیش کی ریاستیں کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں میٹرو کی بحالی کے بعد کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دنیا بھر میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے اور اب تک 8 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔