کراچی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں 5 منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی ہے جس سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ بھاری مشینری سے عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
عمارت گرنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور ابتدائی طور پر8 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال پہنچادیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جس مقام پر عمارت گری ہے وہاں کافی عرصے سے پانی کھڑا رہا۔ زمین بوس ہونے والی عمارت میں چھ فیملی کے رہائش پذیر ہونے کی رپورٹ ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کورنگی کے ڈائریکٹر آصف رضوی نے بتایا کہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمارت چائنا کٹنگ کی زمین پر بنائی گئی تھی، اس عمارت کا کوئی نقشہ یا اپروول پلان نہیں تھا۔
کراچی میں عمارت گرنے کا یہ اس سال چوتھا واقعہ ہے، جون میں ایک پانچ منزلہ عمارت کے منہدم ہونے سے 22 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
6 مارچ کو گلبہار کے علاقہ میں رہائشی عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔
8 جولائی کو لیاقت آباد میں سندھی ہوٹل کے قریب ایک 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تھی تاہم متاثرہ عمارت کو پولیس اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے ایک روز قبل ہی خالی کراولیا گیا تھا جس کے باعث اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔