امریکہ کے مغربی حصے میں شروع ہونے والی آگ مزید پھیل گئی ہے اور اس پر قابو پانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔
ریاست اوریگان میں کم از کم 5 قصبے اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں جہاں اموات رپورٹ ہوئی ہیں تاہم ان کی تفصیل ابھی آنا باقی ہے۔
ریاست اوریگان اور اس کی ہمسائیہ ریاست واشنگٹن میں آگ کے شعلے مزید علاقے میں پھیل رہے ہیں، ان علاقوں کی ٹھنڈی آب و ہوا میں آگ کے پھیلنے کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں۔
بدھ کو آگ کے شعلوں نے ڈیٹرائٹ، بلیو ریور، ویڈا، فائنکس اور ٹیلنٹ کے قصبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
واشنگٹن میں آگ سے ایک سالہ بچہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے والدین بری طرح جھلس گئے، یہ فیملی گھر تک آگ پہنچ جانے کے بعد بھاگنے کی کوشش کر رہی تھی۔
اس وقت مغربی امریکہ میں 100 جگہوں پر بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے، کیلیفورنیا میں 28 جگہیں شعلوں کی لپیٹ میں ہیں، 23 لاکھ ایکڑ زمین اس کی لپیٹ میں آ چکی ہے جبکہ تین افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
آج آگ کے شعلوں نے فائر فائٹرز کو بھی پیچھے دھکیل دیا ہے جس کے بعد بعد حکام نے اوریگان کے شہریوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کر دینے کی ہدایت کی ہے ، انہیں کہا گیا کہ ان کے پاس نکلنے کے لیے چند منٹ کا وقت ہے۔
ہزاروں لوگ یہ علاقہ چھوڑ چکے ہیں، 3 ہزار فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ابھی تک انہیں مسلسل پیچھے ہٹنا پڑ رہا ہے۔
Comments 1