لاہور : ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کےلیے کرول گاؤں میں وسیع پیمانے سرچ آپریشن جاری ہے، وہ بھی جلد گرفتار ہو گا۔
اے آر وائی کے سینئر اینکر کاشف عباسی نے بھی ذرائع کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فرانزک ایجنسی نے مرکزی ملزم کا سراغ لگایا، 25 سالہ ملزم بہاول نگر کا رہائشی ہے، وہ 2013 میں بھی ماں اور بیٹی سے زیادتی کر چکا ہے۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ایک خاتون سے زیادتی کی گئی جو موٹروے پر کار کا پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے رکی ہوئی تھیں، ان کے دو بچے بھی ساتھ تھے۔
کار کا پٹرول ختم ہونے پر وہ اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھیں، موٹروے پولیس کو فون کیا تو مبینہ طور پر انہیں یہی جواب ملا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
اس دوران دو افراد نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا اور قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر بچوں کے سامنے خاتون سے زیادتی کی اور ان سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔