آئی جی پنجاب انعام غنی نے موٹروے زیادتی کیس میں ملزم کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے مختلف چینلز پر چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ کیس کی تفتیش کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور کامیابی کی صورت میں خود میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
انعام غنی نے سوشل میڈیا پرملزمان اور خاتون کی تصاویر کے متعلق بھی بتایا کہ یہ جھوٹی ہیں، ابھی تک ملزم کو گرفتار کرنے میں پولیس کامیاب نہیں ہوئی۔
انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ تصدیق کیے بغیر خبریں نہ چلائیں، ایسی غلط خبریں کیس پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ ان سے عوام بھی گمراہ ہوتے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس جلد ملزم کو گرفتار کر لے گی۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ایک خاتون سے زیادتی کی گئی جو موٹروے پر کار کا پٹرول ختم ہونے کی وجہ سے رکی ہوئی تھیں، ان کے دو بچے بھی ساتھ تھے۔
کار کا پٹرول ختم ہونے پر وہ اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھیں، موٹروے پولیس کو فون کیا تو مبینہ طور پر انہیں یہی جواب ملا کہ کوئی ایمرجنسی ڈیوٹی پر نہیں ہے۔
اس دوران دو افراد نے گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا اور قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر بچوں کے سامنے خاتون سے زیادتی کی اور ان سے طلائی زیور اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق زیادتی کا شکار خاتون کے میڈیکل ٹیسٹ میں خاتون سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔