خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما طاہر اقبال قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ وہ ہزارہ ڈویژن سے پی ٹی آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل تھے اور ہری پور کے ممبر ضلع کونسل رہ چکے ہیں۔
طاہر اقبال ہری پور کے علاقے غازی میں گاڑی پر اپنے گھر جا رہے تھے جب ان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور شہر کے داخلی و خارجی رستے سیل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آئی جی خیبرپختونخوا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزموں کی گرفتاری میں لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔
پشاور میں پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما قتل
خیبرپختونخوا میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پشاور کے تھانہ مچنی کی حدود میں پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کی بنیاد پر پیش آیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔