اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلیوژن ارشد خان کی تقرری غیرقانونی قرار دے دی ہے جبکہ ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور کی تعیناتی کو قانونی قرار دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 23 اگست 2020 کو چیئرمین، ایم ڈی پی ٹی وی اور بورڈ آف ڈائرکٹرز کے ارکان کی تعیناتی کے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔
یہ کیس پی ٹی وی یونین کے جنرل سیکرٹری پرویز اختر بھٹی کی درخواست سے شروع ہوا تھا جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ چیئرمین بورڈ آف ڈائرکٹر کی تعیناتی 7 مئی کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، اس میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں پی ٹی وی بورڈ آف ڈائرکٹرز میں شامل انڈی پنڈنٹ ڈائرکٹرز کی تقرریاں بھی غیرقانونی قرار دے دیں، عدالت نے چیف نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز قطرینہ حسین اور خاور اظہر کی تقرری کو درست قرار دیا ہے۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق پی ٹی وی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آرڈر ان فیلڈ رہیں گے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔
یاد رہے کہ قطرینہ حسین کو رواں سال جنوری میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، ان کی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔
ارشد خان کو 2019 میں پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائرکٹرز کے چیئرمین کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ عامر منظور کو ادارے کا مینیجنگ ڈائرکٹر تعینات کیا گیا تھا۔