کورونا وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث حکومت پاکستان کو سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ساڑھے 3 ارب ڈالرز سے زائد کی غیر ملکی امداد قرض اور گرانٹس کے طور پر موصول ہوئی۔
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق جی۔20 ممالک نے قرض ادائیگی کی معطلی کے ذریعے 2 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد فراہم کی تاکہ کورونا وباء کی وجہ سے مالیاتی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وباء کے دوران اے ڈی بی، آئی ایس بی ڈی، اقوام متحدہ، یورپی یونین، جاپان، چین، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور جنوبی کوریا نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالرز کی گرانٹس دیں۔
کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے پاکستان نے آئی ایم ایف، اے ڈی بی اور اے آئی آئی بی سے 2 ارب 63 کروڑ ڈالرز جبکہ عالمی بینک، آئی ایس بی ڈی، او ایف آئی ڈی اور فرانس (اے ایف ڈی) سے 81 کروڑ ڈالرز کا قرض حاصل کیا۔
پاکستان کو بیرونی مالی امداد کی سہولت اس لیے فراہم کی گئی تھی تاکہ پاکستان کورونا وباء کے معاشرتی و معاشی اثرات سے نمٹ سکے اور مالی وسائل کا رخ عام شہریوں کی زندگیوں اور روزگار کی جانب موڑسکے۔