لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون نے عابد اور شفقت کو پہچان لیا ہے۔
سی سی پی او لاہور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خاتون نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ کیس کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے، ملزم عابد علی ابھی تک گرفتار نہیں ہوا مگر اس کی بیوی، والد اور دیگر قریبی افراد حراست میں ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزم وقارالحسن کو اس کے محلے داروں نے 25 لاکھ روپے کے لالچ میں گرفتار کرایا، اسی کے ذریعے مرکزی ملزمان تک پہنچنے کا راستہ صاف ہوا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی بات غلط تھی اس لیے انہوں نے معافی مانگ لی۔
لڑکی کو ہراساں کرنے والا گرفتار
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لڑکی اور اس کے کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے والا نوجوان گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بچی اور اہلخانہ کو بلیک میل کرنے کی خبر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ نےمعاملے پرفوری ایکشن لینے کا حکم دیا تھا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نوجوان کو راولپنڈی سے جبکہ اس کے والد کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ بچی کے اہلخانہ نے ملزم کے خلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کرایا تھا۔