سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی وزیراعظم عمران خان پر برس پڑے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں اور وزیراعظم سے اس پر معافی مانگ لی۔
فردوس شمیم نے کراچی میں جاری گیس کے بحران پر کہا تھا کہ وزیراعظم بھی سنیں، عمر ایوب بھی سنیں، ندیم بابر بھی سنیں، میں اس مسئلے پر شور مچاؤں گا اور انہیں شرم دلاؤں گا۔
انہوں نے یہ گفتگو سوئی سدرن گیس کمپنی کے کراچی کے آفس کے باہر احتجاج کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف یہ علم ہے کہ شہریوں کو گیس نہیں مل رہی، ہمیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ حکومت کس کی ہے، یہ مسئلہ ن لیگ کی حکومت کے دوران بھی تھا اور پی ٹی آئی حکومت کے دوران بھی موجود ہے۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ پاکستان میں جس کی بھی حکومت ہو، کراچی میں گیس کی فراہمی کا مسئلہ جوں کا توں قائم رہا ہے۔
اب انہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میرا کہنے کا مقصد تھا کہ میں وزیراعظم سے وزیرتوانائی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی شکایت کروں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام انصافینز سے معذرت کرتے ہیں اور اپنے رہنماء سے بھی معافی مانگتے ہیں جو سب سے راست باز اور پرعزم شخص ہیں۔