امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے تحفظ کے لیے ویکسین اگلے برس اپریل تک تمام امریکیوں کی دسترس میں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ہیلتھ ریگولیٹرز کی منظوری ملتے ہی 24 گھنٹوں میں ویکسین کی تقسیم شروع کر دی جائے گی، ہر ماہ کروڑوں خوراکیں مہیا کی جائیں گی۔
انہوں نے پنسلوانیا میں اپنے حامیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا دنیا سے خودبخود ختم ہو جائےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے آخر تک ویکسین تیار ہو جائے گی اور اگلے برس اپریل تک تمام امریکیوں کے پاس پہنچ جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہماری عظیم فوج ویکسین کی بہت بڑی مقدار عوام تک پہنچا دے گی۔
امریکہ میں اس وقت دو کمپنیوں، فائزر اور موڈرنا، نے ویکسین کی تیاری میں تمام وسائل لگائے ہوئے ہیں، صدر ٹرمپ کے دعوے پر انہوں نے تبصرہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ امریکہ کے سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن نے کہا تھا کہ اگلے برس نومبر یا دسمبر سے قبل ویکسین ہر جگہ مہیا نہیں ہو سکتی۔