اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل جماعتی کانفرنس ( اے پی سی) میں اپنی تقریر لائیو نشر نہ کرنے پر پاکستان پیپلزپارٹی سے احتجاج کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تو ہماری آواز کو عوام تک پہنچنے سے روکتی ہے لیکن اے پی سی نے بھی میری تقریر ائیر ہونے سے روکی، یہ نامناسب بات ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں کہا کہ ایم ایم اے کی دوسری جماعت نے درخواست کی ہے کہ اس سیشن کو ان کیمرا رکھا جائے، اس لیے تقریر نشر نہیں کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں اسمبلیوں سے استعفیٰ اور سندھ اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تجویز پیش کر دی۔
اے پی سی سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسمبلیاں جعلی ہیں، ہمیں آج ہی فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم اسمبلیوں سے مستعفی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب میں زبانی دعووَں پر یقین نہیں رکھتا، ہمیں تحریری بات کرنا ہو گی۔
فضل الرحمان نے حزب اختلاف سے شکوہ کیا کہ آپ لوگ بہت پیچھے ہٹ چکے ہیں۔