صارفین کے درمیان رابطے کا مقبول ترین پلیٹ فارم واٹس ایپ ایک بڑی تبدیلی کے لیے تیار ہے، اس کا ایک اہم ترین فیچر آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے جس کے بعد اسے صارفین کے استعمال کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔
اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ کو ایک ہی وقت میں 4 مختلف ڈیوائسز پر استعمال کیا جا سکے گا اور اس کے لیے مین فون پر انٹرنیٹ کنکشن ہونا ضروری نہیں ہو گا۔
اس کا مطلب ہے کہ لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر پر بھی واٹس ایپ مین موبائل کا محتاج نہیں ہو گا، موبائل بند بھی ہو تب بھی واٹس ایپ کا ویب ورژن چلتا رہے گا۔
اس وقت تک اگرچہ ان میں سے زیادہ فیچرز آخری مراحل میں ہیں لیکن چند ایسے ہیں جنہیں ابھی تیار کیا جا رہا ہے۔ واٹس ایپ اگلے مرحلے میں صارفین کو ٹیسٹنگ کے لیے بیٹا ورژن دے سکتی ہے جس میں مین اکاؤنٹ کے ساتھ دیگر ڈیوائس کو لنک کرنے کا آپشن موجود ہو۔
جب آپ دیگر ڈیوائسز کو مین اکاؤنٹ سے لنک کر دیں گے تو پھر وہ موبائل کنکشن کی محتاج نہیں رہیں گی بلکہ سب پر واٹس ایپ استعمال ہو سکے گا۔
یہ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں ملٹی ڈیوائس بیٹا کے نام سے موجود ہے۔
اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے، اس میں چند دن یا مہینے بھی لگ سکتے ہیں۔