پشاور کے نوجوانوں نے کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے حجام کی دکانوں میں منی لائبریریاں بنانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
ان نوجوانوں نے حجام کی دکانوں کا ایک کونا کتابوں کے لیے مخصوص کر دیا ہے تاکہ اپنی باری کا انتظار کرنے والے لوگ ان کا مطالعہ کریں اور ان میں کتب بینی کا شوق فروغ پا سکے۔
ہم نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ سلسلہ انٹرمیڈیٹ کے تین طلبہ نے شروع کیا ہے، یہ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے اور اپنی مدد آپ کے تحت کتب حاصل کرتے ہیں اور انہیں حجام کی دکانوں پر رکھ دیتے ہیں۔
ان میں سے ایک نوجوان عمر اعظم کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن سے کتب کے مطالعے کا شوق تھا، وہ اپنے اس شوق کو مزید لوگوں تک پھیلانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اس حوالے سے سوچنا شروع کیا تو حجام کی دکانوں پر کتابیں رکھنے کا منفرد آئیڈیا بہتر لگا کیونکہ وہاں لوگ اپنی باری کے انتظار میں فارغ بیٹھے رہتے ہیں۔
اب تک عمر اعظم مختلف دکانوں پر 700 سے زائد کتابیں رکھ چکے ہیں، عوام بھی اس سلسلے کو پسند کر رہے ہیں جس سے ان کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے کو خود سے فروغ دیں اور اپنے اپنے علاقوں میں حجام کی دکانوں پر کتب رکھنا شروع کر دیں۔