پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت نے سرکاری دفاتر کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین ماسک لازمی پہنیں گے، علامات کی صورت میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر آئیسولیشن کے حوالے سے آگاہ کریں۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ دفاتر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ای فائلنگ سسٹم کو ترجیع دی جائے، اگر ہارڈ فائل کو آگے بھیجنا ہے تو سٹاف فائل اور دستاویزات کو سینیٹائزر سے وائرس سے پاک کرے۔
حکومت نے ہدایت کی ہے کہ دفتری امور کے حوالے سے تمام اہم ملاقاتوں کا انعقاد آن لائن کیا جائے، حفاظتی تدابیر کے پیش نظر دفاتر کو صبح شام سینٹائز کیا جائے۔
سرکلر میں مزید ہدایات دی گئی ہیں کہ دفاتر میں ہاتھ ملانے اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے خصوصی خیال رکھا جائے، اسی طرح دفاتر میں دو بار سینٹائزیشن اور لفٹ میں بھی ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی وجہ سے فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار سے بڑھ چکی ہے، یہ تعداد گزشتہ ہفتے ساڑھے 5 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔
کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث کورونا دوبارہ متحرک ہو رہا ہے، سردیوں میں وبا کی دوسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح تعلیمی ادارے کھولنے کی وجہ سے بھی کورونا میں اضافے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔