کورونا کی عالمی وبا ابھی تک دنیا بھر میں تباہی پھیلا رہی ہے اور اس پر قابو پانے کی تمام تر تدابیر ناکام نظر آتی ہیں۔
یورپ کے کئی ممالک میں کورونا کی دوسری لہر شروع ہو رہی ہے جس کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اموات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اس وقت تک دنیا بھر میں کورونا کے 3 کروڑ 27 لاکھ سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 لاکھ 93 ہزار 972 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک 2 کروڑ 42 لاکھ افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 75 لاکھ 43 ہزار ہے۔
کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں 2 لاکھ 8 ہزار 440 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 72 لاکھ 44 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مصدقی مریضوں کی تعداد 59 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، ملک بھر میں 93 ہزار 440 افراد اس وبا کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
برازیل میں کورونا سے متاثرہ ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 46 لاکھ 92 ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار 709 اموات ہوئی ہیں۔
کورونا مریضوں کی بات کی جائے تو روس چوتھے نمبر پر آتا ہے جہاں 11 لاکھ 43 ہزار مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 225 ہے۔
دنیا بھر میں 20 مئی کو کورونا کیسز کی تعداد 50 لاکھ تھی جو 27 جون کو بڑھ کر ایک کروڑ سے زائد ہوگئی۔ 22 جولائی کو مجموعی کیسز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہو گئی جو بڑھتے ہوئے 9 اگست کو 2 کروڑ سے زائد ہو گئی۔