پاناما پیپرز اسکینڈل میں امریکہ میں دو افراد کو قید کی سزا دی گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 74 سالہ اکاؤنٹنٹ رچرڈ گیفی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان کا نام پانامہ پیپرز میں سامنے آیا تھا۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2000 سے 2017 کے درمیان کئی افراد کو ٹیکس چھپانے میں مدد کی۔
رچرڈ گیفی کے علاوہ امریکہ ہی کے 83 سالہ کاروباری شخص ہیرالڈ جاؤشم کو بھی ٹیکس چوری پر 4 سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے امریکی ادارے فن سین کی دستاویزات آئی سی آئی جے نے لیک کی تھیں جن کے مطابق امریکی تحقیقاتی ادارے نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی بینکوں کی ملی بھگت سے دھوکے بازوں اور جرائم پیشہ افراد کے اربوں ڈالرز دنیا بھر میں منتقل کئے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جے پی مورگن، ایچ ایس بی سی، ڈوئچے بینک، بینک آف نیو یارک میلن بہت بڑی تعداد میں منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔
لیک ہونے والی دستاویزات میں انکشاف ہوا تھا کہ برطانیہ کے سب سے بڑے بینک ایچ ایس بی سی نے بھی کروڑوں ڈالرز منتقل کرنے کی اجازت دی تھی حالانکہ اسے علم تھا کہ یہ ایک غیرقانونی کام ہے۔
لیک ہونے والی 2657 دستاویزات میں 2100 دستاویزات ایسی ہیں جن میں مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ آئی سی آئی جے نے ہی پاناما پیپرز اور پیراڈائز پیپرز پر رپورٹنگ کی قیادت کی تھی۔