لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ وہ میاں صاحب کی اداروں کے خلاف موقف کی تائید نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے بیان سے دل دکھا، انہیں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہیے تھیں۔ ان سے درخواست کرتا ہوں کہ جذبات میں آ کر اداروں کو نشانہ نہ بنائیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف سے ذاتی لڑائی نہیں، ان کی عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے جذبات میں آ کر اداروں کو نشانہ بنایا۔ ہم چاہتے ہیں ہمارے وطن کا کوئی تماشا نہ بنائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کسی نے معطل نہیں کیا نہ ہی شوکاز ملا۔ مجھ سے پوچھا گیا نوازشریف سے جو بات ہوئی اس پر آپ کی کیا رائے ہے۔ میں نے کہا نوازشریف نے جذبات میں آکر یہ باتیں کہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی باتیں ضرور کریں مگر کسی ادارے کےخلاف بات قومی مفاد میں نہیں۔ جب کوئی رہنما ایسی بات کرے گا تو دنیا میں تماشا بنے گا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان کیلئے کام کرتے ہیں۔ نوازشریف قابل احترام ہیں،لاکھوں لوگ ان سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف سے کوئی اختلاف نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔ ن لیگ میری پارٹی ہے کوئی غلطی ہوئی تو معذرت کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے میاں اظہر نے پنجاب میں سینئر لیڈر کی پیشکش کی تھی لیکن میں نے انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ جلیل احمد شرقپوری کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کچھ عرصہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ملاقات بھی کی تھی جس کے بعد ن لیگ نے اس ملاقات میں شریک ہونے والے اراکین کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔