لاہور: وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی تقریر کے بعد ن لیگ میں قیادت کی تبدیلی کی بات ہو رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ وفاق کی جماعت ہے، اس کے کارکن محب وطن ہیں، ہم اسے مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، امید ہے ن لیگ جلد شریف قیادت کو خود سے علیحدہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا جھگڑا اصولی نہیں، جب ان کی ڈیل نہیں ہوئی تووہ پھٹ پڑے، ان کا اداروں سے یہ جھگڑا ہے کہ وہ ان کے پیسوں کو تحفظ کیوں نہیں دے رہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سیاست گرداب میں ہے، انہیں علم نہیں کہ یہاں سے کیسے نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج، عدالتیں اور پی ٹی آئی سب اگر نون لیگ کے خلاف ہیں تو اس جماعت کو سوچنا چاہئے، نوازشریف جمہوریت کیلئے کھڑے نہیں ہوئے، وہ چاہتے ہیں کہ فوج پر دباؤ ڈالا جائے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف عدالتوں کے ریمارکس ہوتے ہیں، ہم برانہیں مناتے، اس کے برعکس نوازشریف کی فوج کے آرمی چیف سمیت سب سے لڑائی ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سوا پاکستان کا کوئی سیاستدان فوج کے مارشل لا سے الگ نہیں رہا، انہوں نے 22 سال جدوجہد کی ہے۔
ادویات کی قیمتیں بڑھنے کے متعلق انہوں نے کہا کہ 94 ادویات کی قیمتوں میں 15 سال سے اضافہ نہیں ہوا تھا، اس لیے انہوں نے دوائیاں بنانی بند کردی تھی، یہی وجہ ہے کہ ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔