لاہور: حکومت پنجاب نے تعلیمی اداروں میں بچوں کے کورونا ٹیسٹ اور ان کے نتائج کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 70 ہزار 750 میں سے 145 طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 68 ہزار 32 طلبہ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
30 ستمبر سے پاکستان بھر میں پرائمری اسکول کھولنے کا اعلان
اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ، نجی اسکول، کالج اور یونیورسٹی سیل
سیکرٹری صحت پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کل 63 ہزار 339 سرکاری اور 7 ہزار 411 پرائیویٹ اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں 4، ننکانہ صاحب 23، قصور 2، راولپنڈی 7 اور جہلم میں 3 طلبہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
اسی طرح ضلع سرگودھا میں 8، خوشاب 3، بھکر 2، گجرات 18 اور ساہیوال میں 3 طلبہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔
اوکاڑہ، ملتان، لیہ، سیالکوٹ اور لودھراں میں ایک ایک طالب علم میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ گوجرانوالہ 50، ڈیرہ غازی خان 2 اور بہاولپور میں 4 طلبہ میں کورونا وائرس پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں 8 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے طلبہ کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
سندھ کے طلبہ کی رپورٹ
سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی کے مطابق نجی اور سرکاری اسکولز میں 56 ہزار 299 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، جن میں سے 40150 کے نتائج موصول ہوچکے ہیں جبکہ 15 ہزار 846 کے نتائج آنا باقی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکولز میں 40 ہزار 414 میں سے 27 ہزار 933 کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے217 مثبت کیسز ہیں۔
اسی طرح نجی اسکولز کے 15 ہزار 885 ٹیسٹ میں سے 12 ہزار 217 کیسز کے نتائج آچکے ہیں جن میں سے 86 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر اب تک 303 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جو 0.75 فیصد بنتے ہیں۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز
یاد رہے کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق تمام طلبہ اور تدریسی عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوں گے۔
ایس او پیز کے مطابق طلبہ کو بار بار ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور انہیں ایک دوسرے سے دور بٹھایا جائے گا، آدھی کلاس ایک دن اور باقی طلبہ دوسرے روز اسکول آئیں گے۔
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کو اسکول چھوڑنے کے لیے خود جایا کریں کیونکہ بس یا وین میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔