اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکرٹیک موومنٹ کا پہلا اجلاس جاری ہے جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری سمیت اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکرٹیک مومنٹ اجلاس کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ نواز کررہی ہے۔
اجلاس میں ن لیگ کی طرف سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، ایازصادق اور سعد رفیق شریک ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف، نیئر بخاری اور شیری رحمان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری اور اکرم درانی نے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
اسی طرح اجلاس میں جمعیت علمائے پاکستان کے شاہ اویس نورانی، عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے عثمان کاکڑ اور جہانزیب جمالدینی اور دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دیگر رہنماؤں کے خلاف حکومتی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں کل جماعتی کانفرنس سے منظورکردہ قرارداد پر عملدرآمد کے پلان کو حتمی شکل دینے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گلگت بلتستان اور بلدیاتی انتخابات میں ممکنہ دھاندلی کے مقابلے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔