گزشتہ سال کے اواخر میں ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا وبا نے جہاں عوام کو بڑی تعداد میں متاثر کیا وہیں کئی نمایاں شخصیات بھی اس بیماری کے شکنجے سے نا بچ سکیں۔
کورونا یا کووڈ 19 کے نام سے دنیا بھر کو خوف میں مبتلا کرنے والی بیماری سے 10 لاکھ لوگ لقمہ اجل بن گئے جن میں سیاست، شوبز اور کھیلوں کی دنیا سے تعلق رکھنے والے کچھ نمایاں لوگ بھی شامل ہیں۔
کورونا کا شکار ہونے والے چند نمایاں نام
صدر ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ خاتون اول میلینا ٹرمپ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ کے ذریعے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اور میلانیا ٹرمپ فوری طور پر خود کو قرنطینہ کریں گے اور صحت کی بحالی کا عمل جلد شروع کریں گے۔
صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کا اور ان کی اہلیہ کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا۔
اداکار رابرٹ پیٹنسن

برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے جس کے بعد 3 ستمبر کو دی بیٹ مین کی پروڈکشن بھی روک دی گئی۔
ڈیوائن جانسن

ریسلنگ چھوڑ کر اداکاری کا شعبہ اختیار کرنے والے ڈیوائن جانسن بھی کورونا کا شکار ہوئے۔
2 ستمبر کو اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ، ان کی اہلیہ اور بچے قرنطینہ میں رہنے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
برازیلی صدر کے بیٹے

برازیلی صدر جئیر بولسونارو اور ان کے بڑے صاحبزادے سینیٹر فلیویو بولسوناو کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔
فلیویو بولسونارو کے ترجمان نے 25 اگست کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔
اٹلی کے کاروباری فلیویو بریاٹور

اٹلی کی مشہور و معروف کاروباری شخصیت فلیویو بریاٹور کو بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
ان کے ترجمان نے 25 اگست کو ان کو اسپتال منتقل کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔
اتھلیٹ یوسین بولٹ

جمیکا کے عالمی ریکارڈ یافتہ اتھلیٹ یوسین بولٹ بھی کورونا میں مبتلا ہوئے، جمیکا حکومت نے 24 اگست کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔
فلم اسٹار اینٹونیو بیندریاس

دی ماسک آف زورو اسٹار اینٹونیو بیندریاس بھی اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کورونا میں مبتلا ہوئے جس کے بعد انہیں قرنطینہ منتقل کر دیا گیا تھا۔
اداکار بریان کرنسٹن

امریکی اداکار بریان کرنسٹن نے بھی ویڈیو پیغام میں اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور صحت یاب ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ٹرمپ کے مشیر رابرٹ اوبریان

امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او بریان بھی صدر ٹرمپ کے ان قریبی ساتھیوں میں شامل ہیں جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی
امیتابھ بچن

11 جولائی کو بھارت کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن بھی کورونا کا شکار ہوئے۔
ٹینس پلئیر نوواک جوکووچ

مشہور ٹینس پلئیر نوواک جوکووچ نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی۔
بورس جانسن

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں انہیں 10 دن کے لیے انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا تھا۔
امریکی گلوکارہ پنک

امریکی سنگر پنک بھی کورونا کا شکار ہوئیں اور انہیں قرنطینہ میں جانا پڑا
ٹام ہینکس اور ریٹا ولسن

آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن دورہ آسٹریلیا کے دوران کورونا کی وبا کا شکار ہوئے، ٹام ہینکس ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے وہاں موجود تھے۔
شہزادہ چارلس

برطانیہ کے شہزادہ چارلس بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ منتقل ہو گئے تھے۔
جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئی تھیں جس کے بعد جسٹس ٹروڈو اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ منتقل ہو گئے تھے۔
کورونا سے نمایاں شخصیات کی اموات
بھارت کے سابق وزیراعظم پرناب مکھر جی کورونا میں مبتلا رہنے کے بعد اکتیس اگست کو انتقال کر گئے تھے۔
کینیڈا کے معروف اداکار نک کارڈیرو پانچ جولائی کو اکتالیس سال کی عمر میں کورونا کا شکار ہو کر چل بسے تھے۔
امریکی خلاباز اور سابق سینیٹر جان گلین کی اہلیہ اینی گلین بھی کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئیں، ان کے علاوہ گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکار جان پرائن، لیبیا کے سابق قائم مقام وزیراعظم محمود جبریل، امریکی اداکار و مصنف پیٹریشیا بوسورتھ اور دیگر کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہو کر اس جہان سے کوچ کر گئیں۔