پاکستان بالخصوص کراچی میں کورونا کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں، کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے اس کا باعث ریسٹورنٹس، بیکریاں اور شادی ہالز کو قرار دیا ہے۔
این سی او اسی کے اجلاس میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 61 ریسٹورنٹس اور بیکریاں اور 4 شادی ہالز کو سیل کردیا گیا جبکہ 3 کو وارننگ جاری کی گئی۔
کراچی کے علاقے بہادر آباد، ملیر، کورنگی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلزار ہجری اور جمشید کوارٹرز میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں کیں۔
اس کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن بھی نفاذ کردیا گیا ہے جن میں ضلع جنوبی کے منگھوپیر یوسی8 سمیت کئی دیگر علاقے شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سوڈھر کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی کے صدر سب ڈویژن میں بھی اسمارٹ لاک ڈاون ہوگا اور اسمارٹ لاک ڈاون والے علاقوں میں غیر ضروری نقل وحرکت اور بغیر ماسک باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔
این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ تمام صوبوں اور وفاق کے زیر ماتحت علاقوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چند افراد کے غیرذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے ہر کسی کی صحت کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔