ممبئی: بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معمہ حل ہو گیا ہے، سی بی آئی کی تحقیقات کے مطابق بھارتی اداکار کا قتل نہیں کیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس بات کی نفی کی ہے کہ اداکار کو زہر دے کر یا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اگست میں سی بی آئی کی درخواست پر ڈاکٹر سدھیر گپتا کی سربراہی میں ایمز فرانزک پینل تشکیل دیا گیا تھا اور اداکار کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں رہنمائی کرنے کی درخواست کی تھی۔
ایمز ذرائع کے مطابق اداکار سشانت سنگھ کو گلا دبا کر یا زہر دے کر قتل نہیں کیا گیا۔
سشانت سنگھ راجپوت نے کیریئر کا آغاز 2008 میں ٹی وی ڈراموں سے کیا تاہم انہوں نے 2013 میں انہیں فلموں میں کام کا موقع ملا جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی فلموں میں کائی پو چے، شدھ دیسی رومانس، پی کے، ڈیٹیکٹو بایو مکیش بخشی، ایم ایس دھونی: دی یونائیٹڈ اسٹوری، رابطہ، ویلکم ٹو نیویارک، کیدرناتھ، سون چڑیا، چھچھورے اور ڈرائیو شامل ہیں۔
نو ایوارڈز اپنے نام کرنے والے سشانت سنگھ کو ان کےکیریئر کے دوران بیس کے قریب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا
سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئ میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق اداکار کی موت کو خودکشی قرار دیا گیا تھا۔
سشانت سنگھ کے گھر والوں اور مداحوں نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔