سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ریاست سے بغاوت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں ن لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے ریاستی ادارے کے خلاف نفرت کے جذبات ابھارے ہیں اور جلسے کی اجازت نہ ملنے پر بزور طاقت اجازت لینے کی دھمکی دی تھی۔
کیپٹن ریٹارڈ صفدر اور مقدمے میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 4 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مریم نواز کی نیب آفس پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں کیپٹن صفدر کی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
اس سے قبل سیشن کورٹ نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر سمیت 16 کارکنوں کی درخواست ضمانت خارج کر دی تھی۔
تفتشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے میں انسداد دہشت گردی دفعات کو شامل کر لیا گیا ہے، عبوری درخواست ضمانتوں کے لیے سیشن کورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔