وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ غداری اور مسلمانی کے سرٹیفیکیٹ نواز شریف نے ہی بانٹنے شروع کیے تھے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بینظیر کو ریاستی خطرہ، عمران خان کو یہودی ایجنٹ کس نے کہا تھا ؟کالے کوٹ میں سپریم کورٹ آ کر پیپلزپارٹی حکومت کو قومی سلامتی پر حملہ کس نے قرار دیا ؟
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر فارن فنڈنگ کا الزام اور یہودیوں سے فنڈ لیا یہ کیا تھا ؟ نواز شریف نے پاکستان کو اخلاقی طور پر تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر غداری کے الزامات اور بغیر ویزہ جندال سے خفیہ ملاقاتیں کیا تھیں؟ کشمیری قیادت سے ملاقات کے بجائے جندال کے گھر جانا یہ سب کیا تھا؟
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی نیپال میں مودی سے خفیہ ملاقات یہ سب کیا تھا؟ غداری کے سرٹیفیکیٹ نواز شریف نے ہی بانٹنے شروع کیے تھے۔
گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے نواز شریف پر غداری کے مقدمے کے حوالے سے بتایا تھا کہ بغاوت کے مقدمے بنانا ہماری پالیسی نہیں ہے، یہ نواز شریف کے دور کی باتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے سیاست کی شطرنج پر ابھی ہماری چال باقی ہے، نون لیگ پیادے بچائے شاہ اور وزیر کا کھیل ابھی دور ہے، ابھی کھیل شروع ہوا ہے جلدی کیا ہے۔