صوبہ خیبرپختونخوا کے اسکولوں، کالجز اور جامعات میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق منگل کے روز ضلع صوابی کے گجو خان میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے 5 طلبا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد خیبرمیڈیکل کالج پشاور بند کر دیا گیا
انتظامیہ نے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کالج اور اس کے ہاسٹل کو 31 اکتوبر تک بند کر دیا ہے جب کہ مڈ ٹرم امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گجوخان میڈیکل کالج اسٹاف کو اپنی اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد پشاور کے خیبرمیڈیکل کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کالج بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دیگر طلبہ میں وائرس پھیلنے کو روکا جا سکے۔
اس سے قبل خیبر میڈیکل کالج پشاور کے گرلز ہاسٹل میں 4 طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ہاسٹل بند کردیا گیا تھا۔
کالج کے ترجمان کے مطابق میڈیکل کالج کی طالبات کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جبکہ گرلز ہاسٹل کو 2 ہفتوں کے لیے بند کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاسٹل میں رہائش پذیر تمام طالب علموں کا اسکریننگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا کیسز میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد ملک میں کئی تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کے مطابق جس تعلیمی ادارے میں کورونا کیسز سامنے آئیں گے اسے بند کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل اسلام آباد کے ایک میڈیکل کالج کو بھی کورونا کیسز کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔