بھارت کی امیرترین کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی دولت گزشتہ سال 73 فیصد اضافے کے ساتھ 89 بلین ڈالر ہوگئی ہے۔
معروف امریکی کاروباری میگزین فوربز کے مطابق بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص کی کل دولت بھی مکیش امبانی سے تین گنا کم ہے۔
بدھ کے روز فوربز میگزین میں بھارت کے 100 امیر ترین اشخاص سے متعلق ایک فہرست جاری کی گئی جس کے بعد بھارت کی امیر ترین کاروباری شخصیات کو مکیش امبانی کی دولت تک پہنچنے کے لیے مزید کئی سال درکار ہیں۔
فہرست کے مطابق شخص گوتم عدانی 25.2 بلین ڈالر کے ساتھ بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔
واضح رہے مکیش امبانی گزشتہ 13 سال سے فوربز کی فہرست میں پہلے نمبر ہیں۔
فوربز کے مطابق گزشتہ ایک سال میں کورونا کی وبا اور اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے باوجود بھارت کی 100 امیر ترین شخصیات کی دولت میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا کی وبا کے دوران مکیش امبانی کے اثاثوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ معروف بزنس ٹائیکون کے مالی اثاثوں میں صرف اضافہ ہوا ہے۔
مکیش امبانی تیل اور ٹیلی کام سیکٹر کا بڑا نام ہیں، ان کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرز میں کورونا وبا کے دوران اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ ان کی ذیلی کمپنی جیو پلیٹ فارمز ہے جس نے حال ہی میں فیس بک اور گوگل سے 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔