اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلمم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جلاوطنی کے دوران لندن میں خریدی گئی جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کی جانب سے جلاوطنی کے دوران لندن میں خریدے گئے فلیٹس کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق شہباز شریف نے جلا وطنی کے دوران برطانیہ میں 13 لاکھ 31 ہزار 7 پاؤنڈز میں 4 فلیٹس خریدے اور انہوں نے کاروباری شخصیت، بارکلے بینک، بھتیجی عاصمہ ڈار سمیت دیگر سے قرض لیا۔
نیب دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2005 میں انہوں نے لندن میں ایک فلیٹ 2 لاکھ 35 ہزار پاؤنڈز میں خریدا، اس خریداری کے لیے 75 ہزار پاؤنڈز ایک کاروباری شخصیت جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار پاؤنڈز بارکلے بینک سے قرض لیا گیا۔
نیب نے بتایا ہے کہ 2007 میں لندن میں دوسرا فلیٹ خریدا گیا جس کی مالیت ایک لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ تھی، فلیٹ کے لیے 16 ہزار 75 پاوَنڈز ایک کاروباری شخصیت اور ایک لاکھ 43 ہزار پاوَنڈ بارکلے بینک سے قرض لیا گیا۔
نیب دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 2007 میں تیسرا فلیٹ 6 لاکھ 50 ہزار پاوَنڈ میں خریدا گیا جس کے لیے کاروباری شخصیت سے 40 ہزار پاوَنڈز اور بارکلے بینک سے 5 لاکھ 47 ہزار 114 پاوَنڈ قرض لیا گیا۔
اسی طرح انہوں نے 2009 میں لندن میں چوتھا فلیٹ 2 لاکھ 86 ہزار پاؤنڈز میں خریدا، اس خریداری کے لیے ایک کاروباری شخصیت نے 2 لاکھ 30 ہزار 607 پاؤنڈ قرض دیا۔