وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام بیروزگار سیاستدان چوری بچانے کے لیے اکٹھے ہو گئے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ ہم چوری کریں، ڈاکےماریں اور کوئی ہمیں ہاتھ نہ لگائے۔
آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قانون کی بالادستی نہیں مانتی، اس لیے اکٹھی ہوئی ہے، یہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے۔ نوازشریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔
اپوزیشن کی تحریک
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے 2 سال بعد عدالت نکالتی ہے تو وہ شخص کہتا ہے مجھے کیوں نکالا، یہ سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر نکل کر مجھے بلیک میل کر لیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ سارے جلسہ بھی کر لیں تو ہمارا جلسہ ان سے بڑا تھا، لوگ کسی کی چوری بچانے کیلئے نہیں نکلتے۔
انہوں نے نواز شریف کے متعلق کہا کہ وہ خود لندن بیٹھے ہیں اور کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے کا کہہ رہے ہیں تاکہ ان کی چوری بچائی جا سکے۔
آیت اللہ خمینی اور نواز شریف
انہوں نے کہا کہ ان کے نئے ترجمان نے نواز شریف کو آیت اللہ خمینی کے ساتھ ملا دیا ہے، کہاں آیت اللہ خمینی اور کہاں ہمارا نہاری کھانے والا لیڈر۔
ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خمینی سے ایران کے عوام پیار کرتے تھے، انہوں نے محلات نہیں بنائے اور نہ ہی ان کے بچوں کے لندن میں فلیٹس تھے۔
عمران خان نے بتایا کہ جب نوازشریف بیمار ہوئے تو کابینہ کے اجلاس میں 6 گھنٹے تک ڈاکٹر ان کی بیماریاں بتاتے رہے جنہیں سن کر شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں لندن بھجوا دیا تو وہاں کی ہوا لگتے ہیں ایک اور نواز شریف نکل آیا۔
معاشی صورتحال
وزیراعظم نے کہا کہ جب وکلاء تحریک چلی تو اس کے دباؤ میں آ کر مشرف نے دونوں جماعتوں کو این آر او دے دیا، جس کے بعد انہوں نے اقتدار میں آ کر ملک کی معیشت تباہ کی اور قرضے چڑھا دیے۔
انہوں نے کہا کہ جتنا ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں، اس کا آدھا پیسہ قرضوں کی قسطوں میں چلا جاتا ہے، دو سال بہت مشکل کے تھے جس میں ہمیں ڈیفالٹ سے بچنا پڑا۔
عمران خان نے کہا کہ اس دوران ساری دنیا میں کورونا کا بحران آ گیا، ہم نے اس پر قابو پایا، ڈبلیو ایچ او نے کہا پاکستان ان 4 ملکوں میں ہے جو کورونا سے نکلے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے ماہ میں پاکستان میں سیمنٹ کی سیل تاریخ میں سب سے زیادہ ہوئی ہے، اسی طرح موٹرسائیکلوں کی فروخت بھی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوئی ہے۔
منی لانڈرنگ کے نتائج
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں غریب ملک سے ہر سال ایک ہزار ارب ڈالر چوری ہو کر مغربی ممالک میں جاتا ہے، پیسہ یہاں سے باہر چلا جائے تو نوکریاں بھی باہر ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے لوگ کشتیوں میں یورپ جانے کی کوشش کرتے ہوئے ڈوب جاتے ہیں۔
بھارتی ایجنڈا
وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف بھارتی ایجنڈا لے کر پھر رہے ہیں، پاکستانی فوج پر وہی زبان استعمال کر رہے ہیں جو بھارت استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے، اگر میں پیسہ بنانا شروع کر دوں تو سب سے پہلے آئی ایس آئی کو پتا چلے گا، مجھے اس ایجنسی سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ انہیں پتا ہے میں کیسے زندگی گزار رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو علم ہے کہ آئی ایس آئی ان کی چورہ کے متعلق جانتی ہے، اس لیے اس کے ساتھ لڑائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پاک فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جس دن ان کو این آر او ملا اس دن سے پاکستان نیچے جائے گا، یہ اربوں کی چوری کر کے کہہ رہے ہیں کہ اسے معاف کر دیا جائے۔