بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما کی میچ کے دوران اپنے شوہر ویرات کوہلی کے لیے فلائنگ کس اور تالیاں بجانے کی تصویریں سوشل میڈیا پر انکے مداحوں کے تبصروں کا عنوان بنی ہوئی ہیں۔
انوشکا شرما کو اپنے کرکٹر شوہر کی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کارکردگی پر انتہائی فخر ہے۔
جب ویرات نے بہترین اننگز کھیلی تو اسٹار جوڑے کے مداحوں کی نگاہ اسٹینڈ پر جمی ہوئی تھی جہاں حاملہ انوشکا کی خوشی دیدنی تھی۔
ہوٹنگ، فلائینگ کس سے لیکر تالیاں بجانے تک اداکارہ نے بہترین چیئر لیڈر کا کردار ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر انوشکا کے مداحوں نے ان کی ایک ایک ادا پر بحث کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ خوبصورت لباس زیب تن کیے ہوئے بہت جلد بننے والی ماں نے جب کوہلی کو تابناک انداز میں مسکراتے ہوئے دیکھا تو اس سے انہیں بہت لطف محسوس ہوا۔
کہا جاتا ہے کہ انوشکا کے حاملہ ہونے کے بعد وہ پہلی بار اسٹیڈیم میں دکھائی دی ہیں جہاں انہوں نے بیشتر وقت کھڑے ہو کر میچ دیکھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سنیل گواسکر نے انوشکا اور کوہلی کے بارے میں کمنٹری کے دوران متنازعہ ریمارکس دیے تھے۔
گواسکر کے ریمارکس پر خاصی تنقید کی گئی تھی اور انوشکا نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 2020 آچکا ہے لیکن ان کے لیے اب بھی کچھ مختلف نہیں۔
انہوں نے سوال کیا تھا کہ آخر کب انہیں کرکٹ میں گھسیٹنا بند کیا جائےگا اور کب تک انہیں بیانات کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔