لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ ذاتی فیصلہ ہے اور انہوں نے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
مصباح نے کہا اگلے 2 سالوں کے دوران قومی ٹیم کے کئی دورے ایسے ہیں جن کی وجہ سے انہیں عہدوں پر کام کرنا دشوار ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کوچنگ کے معاملے پر فوکس کرنا چاہتےے ہیں۔ بطور کوچ میرا ٹارگٹ پاکستان کو ٹاپ تھری سائیڈز میں لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کو آئی سی سی ایونٹس جتوانا چاہتا ہوں، جیت ہار کی ذمہ داری میری ہے۔
انہوں نے ان افواہوں کو رد کر دیا جن کے مطابق استعفیٰ کے فیصلے کی وجہ پی سی بی کے چیئرمین سے ملاقات تھی، انہوں نے کہا کہ بورڈ نے انہیں اس حوالے سے کچھ نہیں کہا اور نہ ہی وزیراعظم سے ملاقات اس فیصلے کا باعث بنی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان افواہوں میں کوئی سچائی ہوتی تو پھر دونوں عہدے چھوڑنے پڑتے۔
مصباح الحق نے گزشتہ برس چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا اور ہیڈ کوچ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔
گزشتہ سال سری لنکا کیساتھ ٹی20 سیریز اور آسٹریلیا سیریز میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسی طرح انگلینڈ ٹورمیں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر مصباح کی پرفارمنس پر بھی سوال اٹھنے لگے تھے، گزشتہ دنوں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ مصباح کو ایک عہدہ چھوڑنا ہو گا۔
گزشتہ برس جب انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے ساتھ چیف سلیکٹر کا عہدہ دیا گیا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس کو ایک اچھا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہی شخص کے پاس ذمہ داریاں ہوں گی تو خراب پرفارمنس پر ان ہی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔