اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
ذرائع کے مطابق یہ وارنٹ 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن پر جاری کیے گئے ہیں، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کر دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب یہ وارنٹس آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کرے گا جہاں سابق صدر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہو گی۔
اس سے قبل نیب کی تفتیشی ٹیم نے جسٹس (ر) جاوید اقبال سے وارنٹس گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
یاد رہے کہ آصف علی زرداری کو طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے چند روز قبل اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
سابق صدر نے فاروق ایچ نائیک کے ذریعے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست میں عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے دل میں تین سٹنٹس ڈالے جا چکے ہیں جبکہ انہیں ’آئی سکیمک‘ نامی بیماری ہے جس میں دل کو خون اور آکسیجن کی کافی مقدار مہیا نہیں ہوتی۔
آصف علی زرداری اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 4 ریفرنس کا سامنا کر رہے ہیں اور اب تک ان پر توشہ خانہ اور منی لانڈرنگ ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور درخواست دائر کی تھی کہ وہ ریفرنس کو خارج کرے کیونکہ وہ ‘بغیر دائرہ کار کے اور غیرقانونی ہے’۔