پا ک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں ن لیگی رہنماء کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہےکہ کراچی میں کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری پر چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آرمی چیف سے مطالبہ کیا تھا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔
آرمی چیف نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کورکمانڈر کراچی کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائز ہ لیں اور حقائق کا تعین کریں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں مریم صاحبہ اور صفدر صاحب کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر شرمندہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تحقیقات کااعلان کیا ہے، ہمارا آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مطالبہ ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کریں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کو ہراساں کر کے گرفتار کرنا سندھ کی عوام کی توہین ہے۔
انہوں نے پوچھا کہ وہ کون تھے جنہوں نے رات کے دو بجے آئی جی کے گھر کا گھیراو کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پولیس کے ایس ایچ او سے لے کر اعلیٰ افسران تک سب سوال کر رہے ہیں، پولیس کے افسران چھٹی پر جا رہے ہیں، ان کی عزت کا مسئلہ بن گیا ہے۔