کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دھماکے ہونے والے میں 5 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے جبکہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا ہے، دھماکہ کی آواز دور تک سنی گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اور قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
دھماکہ گلشن چورنگی کے قریب عمارت میں ہوا جس کے باعث عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور رہائشی عمارت کی پہلی اور دوسری منزل کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دھماکے سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دھماکے کے بعد قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لے رہا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ مبینہ ٹاؤن نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکہ سلنڈر کا لگ رہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسکن چورنگی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی اور زخمیوں کی فوری طبی امداد کا بندوبست کرنے کی ہدایت کر دی۔
مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر سعید غنی کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بھی امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کراچی دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دُعا کی اور کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔