بالی ووڈ اور کرکٹ کا رشتہ اٹوٹ ہے، آئی پی ایل میں کئی نامور اداکاروں نے ٹیمیں خریدی ہوئی ہیں، ان میں شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا دو بڑے نام ہیں۔
اب سلمان خان نے بھی اس میدان میں قدم رکھ دیا ہے، انہوں نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں ایک ٹیم خرید کر لی ہے جس کی تصدیق ان کی فیملی نے کی ہے۔
خبروں کے مطابق سلمان خان اور ان کی فیملی نے ایل پی ایل کی کینڈی ٹسکرز فرنچائز خرید کی ہے، اس ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کرس گیل ہیں تاہم اس میں پاکستانی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے بھائی سہیل اور والد سلیم خان کی کمپنی سہیل خان انٹرنیشنل نے لنکا پریمیئر لیگ میں سرمایہ کاری کی ہے۔
سہیل خان نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے اس لیگ میں کافی صلاحیت دیکھی ہے، انہوں نے بتایا کہ سلمان خان خود اپنی ٹیم کے سبھی میچ دیکھنے کیلئے سری لنکا جائیں گے۔
سہیل خان نے بتایا کہ ہماری ٹیم میں جس طرح کے کھلاڑی ہیں اور ساتھ ہی کرکٹ کے مداحوں کا جس قسم کا جذبہ ہے اسے مدنظر رکھتے ہوئے ہم بہت سے امکانات دیکھ رہے ہیں۔
سہیل خان نے کہا کہ وہ کرس گیل کو اپنی ٹیم سے کھیلتے دیکھنے کیلئے کافی پرجوش ہیں، گیل بہت بڑی کھلاڑی ہیں لیکن مقامی طور پر پریرا ایک بڑا نام ہیں۔
سہیل خان کی کینڈی ٹسکرز میں لیام پلنکیٹ ، وہاب ریاض ، کسل مینڈس اور نوان پردیپ جیسے کھلاڑی بھی ہیں۔
سہیل خان کے مطابق ان کی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا شاندار امتزاج موجود ہے ۔