وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ غیرضروری ود ہولڈنگ ٹیکسز ختم کر دیے جائیں۔
وزیراعظم نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیکس کے نظام میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں۔۔
عمران خان کی زیر صدارت محکمہ ریونیو کا اجلاس ہوا جس میں ایف بی آر اور ٹیکس کے نظام میں اصلاحات پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنا کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ایف بی آر کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے ۔
عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر اور ٹیکس کے نظام میں ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے اور محکمہ ریونیو غیرضروری ود ہولڈنگ ٹیکسز کے خاتمے پر خصوصی توجہ دے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس دینے والوں کے لیے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ گوشواروں کا نظام خصوصاً آسان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ غیر ضروری ود ہولڈنگ ٹیکس کو جلد از جلد ختم کرنے کی کوشش کی جائے ۔
یاد رہے کہ حکومت تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اس سے قبل حکومت کی جانب سے محکمہ ایکسائز کو بھی آن لائن ٹوکن ٹیکس ادا کرنے سہولت دینے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ جس کے بعد محکمہ ایکسائز نے ایک ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے جس سے آن لائن گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا کیا جا سکے گا ۔