مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کوئی کام نہیں، کراچی واقعہ نے ثابت کر دیا ہے یہ بڑوں کی لڑائی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کراچی واقعے پر تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں ہے تاہم اگر مجھے اس کے لیے بلایا گیا تو ضرور جاؤں گی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی واقعے کی انکوائری رپورٹ عوام کے سامنے لائی جانی چاہئے۔
حکومت کی جانب سے بلوچ طلباء کی سکالر شپس کی 600 سیٹیں واپس لئے جانے کے فیصلے کے بعد بلوچ طلباء نے لاہور میں دھرنا دے رکھا ہے، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بلوچ طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پہنچ گئیں۔
انہوں نے حکومت سے طالب علموں کا کوٹہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بچے تعلیم کا حق مانگ رہے ہیں اور کسی نے ان سے ملاقات نہیں کی، میں کل کوئٹہ جا رہی ہوں وہاں پر طلباء کا مسئلہ اٹھاؤں گی۔
مریم نواز نے صوبہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں شہباز شریف کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نواز شریف کے بغیر پاکستان لاوارث ہے اسی طرح شہباز شریف کے بغیر آج پنجاب بالکل لاوارث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو کرپشن کی وجہ سے جیل میں نہیں رکھا جا رہا ہے بلکہ انہیں بھائی سے نہ لڑنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے ایک بار پھر حکومت کو نئے سال سے پہلے گھر بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حالات و واقعات نے ثابت کیا کہ غلط فیصلے کے اثرات سامنے آتے ہیں۔