سماجی رابطوں کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے آل ویز میوٹ کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
واٹس ایپ انتظامیہ کے مطابق آل ویز میوٹ فیچر تیاری کے مراحل میں تھا جسے اب صارفین کے لیے اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے والے صارفین کسی بھی چیٹ یا گروپ کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے ٹویٹر پیغام کے ذریعے اس فیچر کے متعارف کرائے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ نامی ٹویٹر اکاونٹ سے شیئر گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ اب آپ کسی بھی چیٹ کو ہمیشہ کے لیے ٘خاموش کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے کسی چیٹ یا گروپ کو میوٹ کرنے کی زیادہ سے زیادہ مدت ایک سال تھی، ایک سال بعد میوٹ کی گئی چیٹ خودبخود ان میوٹ ہو جاتی تھی۔
اس فیچر میں واٹس ایپ نے تین آپشنز متعارف کرائے گئے تھے جن میں آٹھ گھنٹے اور ایک ہفتے کا دورانیہ بھی شامل تھا۔
واٹس ایپ میں یہ نیا اضافہ ان صارفین کے لیے خوش آئند ہے جو واٹس ایپ کے چیٹ گروپ میں آنے والے پیغامات سے بیزار ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن کے ایکٹو صارفین کی تعداد 45 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سماجی رابطوں کے لیے استعمال کی جانے والی ویب سائٹ فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 ارب ڈالر کے عوض خریدا تھا۔